رائے بریلی،04/ مئی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) رائے بریلی سیٹ میں جہاں کانگریس سے جا کر بی جے پی کا دامن تھامنے والے دنیش پرتاپ سنگھ یوپی اے صدر اور چار بار کی لیڈرسونیا گاندھی سے ٹکر لینے کی کوشش کر رہے ہیں، ووٹروں کا کہنا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ جیت سونیا گاندھی کی ہی ہوگی۔ رائے بریلی سیٹ پر کانگریس کی سینئر لیڈر سونیا گاندھی کا مقابلہ پارٹی چھوڑ کر بی جے پی کا دامن تھامنے والے دنیش پرتاپ سنگھ سے ہے۔سنگھ مقامی سطح پر دبنگ لیڈر رہے ہیں۔انہیں بی جے پی نے سپریم کورٹ کے ایڈووکیٹ اجے اگروال پر فوقیت دیتے ہوئے اپنا امیدوار بنایا ہے۔اگروال نے 2014 کے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کے ٹکٹ پر سونیا گاندھی کے خلاف الیکشن لڑا تھا۔بی جے پی صدر امت شاہ اور اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ سمیت پارٹی کے سینئر لیڈروں نے سنگھ کی حمایت میں تشہیرکی ہے اور ووٹروں کو سمجھانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ علاقے کے ترقی کے لیے وہ کانگریس کا ساتھ چھوڑیں۔حال میں ہی بی جے پی میں شامل ہوئے بالی ووڈ اداکار سنی دیول رائے بریلی میں روڈ شو کریں گے۔رائے بریلی میں چھ مئی کو پولنگ ہونی ہے۔کبھی گاندھی خاندان کے معتمد رہے سنگھ نے کانگریس کو ایک خاندان کی پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی قرار دیا۔گزشتہ سال بی جے پی میں شامل ہوئے سنگھ نے کہا کہ میں نے کانگریس اس لئے چھوڑی کیونکہ وہ ملک کی جگہ صرف ایک خاندان کے مفادات کی بات ہو رہی تھی۔یہ گاندھی خاندان کی پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی بن گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس علاقے سے گاندھی خاندان کے بار بار جیتنے کے باوجود کوئی ترقی نہیں ہوئی ہے۔علاقے کے 3.29 لاکھ خاندان یعنی تقریبا 13.5 لاکھ لوگ اب بھی خط افلاس کے نیچے رہ رہے ہیں۔بہرحال اس سے خوش نہیں ہیں اور چاہتے ہیں کہ صرف سونیا ہی رائے بریلی کی نمائندگی کریں۔سونیا 2004 سے ہی اس سیٹ کی نمائندگی کر رہی ہیں۔